منگلورو ،30؍جنوری (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر DRIافسران کے ذریعے کی گئی کارروائی کے دوران ہوائی جہاز کے ٹوائلیٹ سے 29لاکھ روپے مالیت کے سونے زیورات بر آمد کیے گئے ہیں۔
ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق ڈی آر آئی کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ کچھ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگ جیٹ ایئر ویز کی ایک خاص فلائٹ 9W 531 کے ذریعے بڑی مقدار میں سونا اسمگل کرنے والے ہیں۔ جب افسران نے دبئی سے آنے والی مذکورہ فلائٹ پرچھاپہ مارا اور باریکی سے چھان بین کی تو ہوائی جہاز کے پچھلے ٹوائلیٹ کے کموڈ کے نیچے بڑی چالاکی سے چھپائی گئی دو کالی تھیلیاں بر آمد ہوئیں۔ انہیں کھولنے پر غیر ملکی سونے کے زیورات ہاتھ لگے جن میں نیکلیس، بریس لیٹ، کان کے بُندے،چین ، پینڈنٹ وغیرہ شامل تھے ۔ ان زیورات کا مجموعی وزن1,233گرام تھا جس کی مالیت آج کی بازار کی قیمت کے حساب سے 29 لاکھ روپے مانی جاتی ہے۔یہ تمام زیورات کسٹمز ایکٹ 1962کی خلاف ورزی کے تحت قانونی طور پر ضبط کرلیے گئے ہیں۔
کہتے ہیں کہ دبئی سے منگلورو پہنچنے والی اس فلائٹ کی اگلی منزل ممبئی تھی، جہاں ایئر پورٹ تک رسائی رکھنے والے اسمگلروں کے ایجنٹ یہ سونا کموڈ کے نیچے سے نکالنے والے تھے۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس معاملے میں ملوث افراد کے تعلق سے جانکاری حاصل کی جارہی ہے۔